بنگلورو،14؍جون(ایس او نیوز) ریاستی وزیر ہاؤزنگ ایم کرشنپا نے کہا ہے کہ بسوا ہاؤزنگ اسکیم کے تحت 3.2لاکھ مکانات تیار کرکے ریاست بھر میں تقسیم کرنے کا منصوبہ ہے۔ ان مکانات کی تقسیم کے مرحلے میں عام زمرے سے جڑے معاشی طور پر کمزور افراد کو بھی یہ سہولت مہیا کرائی جائے گی۔ آج اسمبلی میں بی جے پی رکن اپچو رنجن کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر موصوف نے بتایاکہ مختلف ہاؤزنگ اسکیموں میں عام زمرے سے جڑے لوگوں کو مکانات مہیا کرانے کی جانب خصوصی توجہ دی جائے گی۔ درج فہرست ذاتوں اور قبائل کیلئے مختص مکانات جو بعد میں خالی رہ جاتے ہیں انہیں عام زمرے کے لوگوں کو فراہم کرنے کے مطالبے پر وزیر موصوف نے کہاکہ قانون کے تحت اس کی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ کس کس اسمبلی حلقہ میں کن طبقات کے لوگوں کو مکانات مہیا کرائے گئے ہیں وہ انہی طبقات کے لوگوں کو دئے جائیں گے۔ آنے والے دنوں میں اس مسئلے کو سلجھانے کیلئے ضرور ت پڑنے پر ضوابط میں ترمیم لائی جائے گی۔انہوں نے بتایاکہ مرکیرہ اسمبلی حلقہ میں 3453 مکانات کی تعمیر جاری ہے۔ مقامی رکن اسمبلی اس پر توجہ دے کر جلد از جلد مکانات مکمل کروائیں۔ اس موقع پر اسپیکر کے بی کولیواڈ نے مداخلت کرتے ہوئے وزیر موصوف کو ہدایت دی کہ درج فہرست ذاتوں کیلئے مختص مکانات کی تعمیر میں تیزی لائی جائے۔ ساتھ ہی عام زمرے کے لوگوں کیلئے مکانات کی تعمیر کو بھی تیز کرنے پر توجہ دی جانی چاہئے۔